لاہور:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت نے قومی اداروں کو نشانہ بنانے کی عادت ڈال رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ادارے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں اور سیاسی جماعتیں بھی اپنی سیاست سیاسی دائرے میں رہ کر کریں تاکہ نہ خود مشکلات کا سامنا کرنا پڑے اور نہ دوسروں کے لیے مسائل پیدا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ غیرسیاسی انداز میں فوج کو نشانہ بنانے والوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
گورنر ہاؤس لاہور میں بلاول بھٹو زرداری کی پنجاب کے 70 سے زائد ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات ہوئی، جس دوران آئندہ بلدیاتی انتخابات اور دیگر سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دوست محمد کھوسہ نے اپنے حلقے این اے-185 میں مبینہ دھاندلی کے بارے میں بلاول بھٹو کو آگاہ کیا۔