تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپیں دوبارہ شدت اختیار کر گئیں
جھڑپوں میں ایک تھائی فوجی ہلاک اور سات زخمی، دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر حملوں کا الزام عائد کر دیا
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی سرحد پر ایک بار پھر جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تھائی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ کمبوڈیا نے نئے مقامات پر فوجی تعینات کر کے جھڑپوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔
تھائی فوج کے مطابق کمبوڈین فوج کے حملوں میں ایک تھائی فوجی ہلاک اور سات زخمی ہوئے، تاہم تھائی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا۔ دوسری جانب کمبوڈیا کی وزارت دفاع کا موقف ہے کہ تھائی فوج کی جانب سے حملے کیے گئے لیکن کمبوڈیا کی جانب سے مزاحمت نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ جولائی میں بھی دونوں ممالک کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بعد ازاں اکتوبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آسیان سمٹ کے دوران سیز فائر کروایا تھا جس پر دونوں ممالک کے رہنماؤں نے دستخط کیے۔
تاہم معاہدے کے دو ہفتے بعد تھائی لینڈ نے کمبوڈیا پر اپنے دو فوجیوں کو زخمی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ کمبوڈیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد بھی کیا تھا۔