اسلام آباد (کیو این این ورلڈ): مکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا انتہائی اہم اجلاس آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور یمن تنازع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں میزبان پاکستان سمیت سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے دفاع، وزرائے خارجہ اور اعلیٰ عسکری و سول حکام شریک ہوں گے۔ اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کا اعلیٰ سطح کا وفد پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) سے گفتگو کرتے ہوئے اجلاس کے ایجنڈے کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور یمن میں حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری تنازع اور سعودی عرب کی جنوبی سرحدوں پر مسلسل بدامنی اجلاس کے ایجنڈے کا سب سے اہم نکتہ ہوگی۔ انہوں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء سمیت وسیع علاقوں پر قابض حوثیوں سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی حکمتِ عملی کو بھی سراہا۔
وزیر دفاع نے مشترکہ دفاعی معاہدے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق کوئی بھی خطرہ پاکستان اور ترکیہ کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مکہ معاہدہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس کے تحت طے پانے والے امور کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ چند ماہ میں تواتر کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
خطے کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ایک ممکنہ خطرہ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی جارحیت کے امکانات کے پیش نظر خطے کے ممالک کو اپنی صفوں میں مضبوط اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب اس اہم بین الاقوامی اجلاس اور سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر انتظامیہ نے آج اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت جڑواں شہروں میں تمام سرکاری و نجی دفاتر، اسکول اور کالجز بند رہیں گے۔ تاہم، تعلیمی اداروں کے پہلے سے طے شدہ سالانہ اور ضمنی امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے، جبکہ ہنگامی خدمات انجام دینے والے تمام ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔