بے نظیر انکم سپورٹ ڈیوائس مالکان سے مبینہ بھتہ خوری؛ کیا ڈی جی خان پولیس میں کرپشن کی واحد سزا صرف "تھانہ تبدیلی" رہ گئی ہے؟

ڈیرہ غازی خان(حاجی محمد سعید گندی کی رپورٹ) ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ چھٹہ میں قانون کے رکھوالوں پر ہی غریب مستحقین کے فنڈز میں مبینہ لوٹ مار کے سنگین الزامات نے محکمہ پولیس کی کارکردگی اور احتساب کے نظام پر کئی چبھتے ہوئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

محافظ سکواڈ کوٹ چھٹہ کے اہلکاروں خضر اور دلدار پر سنگین الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے غریب خواتین کی کفالت کے لیے مختص بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ڈیوائس مالکان سے مبینہ طور پر نذرانے (رقم) کا مطالبہ کیا اور ایک مقام سے رقم وصول بھی کی، جس کی مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر پولیس کے دعووں کا پول کھول رہی ہے۔

مبینہ وائرل آڈیو

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ڈی ایس پی کوٹ چھٹہ کی جانب سے کی گئی انکوائری میں دونوں اہلکاروں پر عائد الزامات درست ثابت ہو چکے ہیں، تاہم حیران کن طور پر ان اہلکاروں کو معطل کرنے، مقدمہ درج کرنے یا کڑی محکمانہ سزا دینے کے بجائے محض کوٹ چھٹہ سے کوٹ مبارک تبدیل کر کے معاملے پر مٹی ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے۔

یہ پورا معاملہ پولیس کے احتسابی نظام پر کئی کڑے سوالات کو جنم دیتا ہے:

کیا محکمہ پولیس کی لغت میں غریبوں کا حق چھیننے اور کرپشن ثابت ہونے کی سزا محض ایک تھانے سے دوسرے تھانے تبادلہ ہے؟

کوٹ چھٹہ میں مبینہ طور پر "واردات” کرنے والے اہلکاروں کو کوٹ مبارک بھیج کر کیا وہاں کے شہریوں اور ڈیوائس مالکان کو اس بات کی ضمانت دی جا سکتی ہے کہ ان کے ساتھ یہ کھیل دوبارہ نہیں کھیلا جائے گا؟

جب عوام کے جان و مال کے محافظ ہی وردی کا رعب دکھا کر مبینہ طور پر بھتہ وصول کرنے لگیں، تو پھر بے بس شہری تحفظ اور انصاف کی دہائی دینے کس دروازے پر جائیں؟

ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سے عوامی حلقوں کے چبھتے ہوئے سوالات:

جب ایک ذمہ دار افسر (ڈی ایس پی) کی انکوائری میں الزامات ثابت ہو چکے ہیں، تو پھر باقاعدہ محکمانہ و قانونی کارروائی کا راستہ کس کے دباؤ پر روکا گیا؟

کیا مجرموں کو ایک علاقے سے ہٹا کر دوسرے علاقے میں تعینات کر دینا ہی قانون کی بالادستی اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے کافی سمجھ لیا گیا ہے؟

کیا وائرل آڈیو کا فرانزک کرا کے اس معاملے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات عمل میں لائی جائیں گی یا اسے بھی ماضی کی فائلوں کی طرح دبا دیا جائے گا؟

عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیں، وائرل آڈیو اور انکوائری رپورٹ کا خود جائزہ لیں اور اگر الزامات درست ہیں تو محض تبادلوں کا ڈرامہ رچانے کے بجائے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کڑی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ پولیس وردی کا تقدس بحال ہو سکے اور عوام کو تحفظ کا حقیقی احساس ملے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے