کراچی (کیو این این ورلڈ / نمائندہ خصوصی ڈاکٹر بشیر احمد بلوچ):** شہر قائد کے علاقے کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں دو روز قبل منہدم ہونے والی چھ منزلہ عمارت کے ملبے سے مزید 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملبہ ہٹانے اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد دبے ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ دو روز قبل 600 گز کے رہائشی پلاٹ پر تعمیر کی جانے والی چھ منزلہ عمارت چند ہی لمحوں میں زمین بوس ہوگئی تھی۔ تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ عمارت کا منظور شدہ نقشہ محض "گراؤنڈ پلس ون” کا تھا، تاہم قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے اس پر پانچ اضافی منزلیں کھڑی کر دی گئیں، جبکہ چھٹی منزل کا تعمیراتی کام ابھی جاری تھا۔
اس افسوسناک سانحے کے بعد حکومت اور متعلقہ ادارے حرکت میں آ گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں 143 عمارتیں حکمِ امتناع (اسٹے آرڈر) کی آڑ میں زیرِ تعمیر تھیں، جن پر فوری طور پر کام رکوا دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق شہر بھر میں بغیر اجازت اور غیر قانونی طور پر زیرِ تعمیر ان تمام 143 عمارتوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ 5 برسوں کے ہولناک اعداد و شمار
دوسری جانب سرکاری و ریسکیو ریکارڈ کے مطابق کراچی میں غیر معیاری اور غیر قانونی تعمیرات کا یہ سلسلہ نیا نہیں ہے؛ گزشتہ 5 برس کے دوران شہر میں عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 87 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔
اضلاع کے اعتبار سے جاری کردہ تفصیلات درج ذیل ہیں:
*.ضلع جنوبی:عمارتیں گرنے کے 3 واقعات میں سب سے زیادہ 31 افراد جاں بحق ہوئے۔
*.ضلع کیماڑی: 3 مختلف واقعات میں 23 افراد لقمہ اجل بنے۔
*.ضلع شرقی: 3 واقعات میں 20 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
*.ضلع کورنگی:2 واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔
*.ضلع وسطی: 2 واقعات میں 5 افراد جان سے گئے۔
*.ضلع ملیر اور ضلع غربی: دونوں اضلاع میں ایک ایک واقعہ پیش آیا، جن میں ایک ایک شہری جاں بحق ہوا۔
گزشتہ پانچ سال کے بڑے سانحات پر نظر ڈالیں تو لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرنے سے 27 افراد، شیر شاہ میں گیس دھماکے کے بعد عمارت منہدم ہونے سے 17 افراد، جبکہ سولجر بازار کی گل رانا کالونی میں عمارت گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
اسی طرح شاہ فیصل کالونی میں زیرِ تعمیر عمارت گرنے سے 5 مزدور، نیو کراچی میں فیکٹری کا ڈھانچہ گرنے سے 4 فائر فائٹرز، مچھر کالونی میں دو مختلف واقعات میں 6 افراد، جبکہ پی آئی بی کالونی، اولڈ لیاری اور کھڈا مارکیٹ لیاری (غنی مینشن) میں عمارتوں کے حصے گرنے کے الگ الگ واقعات میں 2، 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس کے علاوہ نارتھ ناظم آباد، اللہ والا ٹاؤن، بھینس کالونی اور منگھوپیر روڈ پر بھی عمارتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔