پھالیہ میں گندم کی بہتر پیداوار کے لیے سیمینار، کاشتکاروں کو جدید زرعی طریقوں پر رہنمائی

منڈی بہاؤالدین (کیو این این ورلڈ/ جنرل رپورٹر جنید طالب نوشاہی) محکمہ زراعت (توسیع) منڈی بہاءالدین اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے زیر اہتمام تحصیل پھالیہ کے علاقے بھوا حسن کے مقامی میرج ہال میں گندم کی منافع بخش کاشت کے حوالے سے ایک معلوماتی سیمینار منعقد ہوا، جس میں کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد کاشتکاروں کو گندم کی بہتر پیداوار، جدید زرعی طریقوں، متوازن کھادوں کے استعمال اور فصل کی دیکھ بھال کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گجرات ڈویژن ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ نے گندم کی بہتر پیداوار کے لیے بروقت کاشت، قطاروں میں کاشت، تصدیق شدہ بیج اور متوازن کھادوں کے استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جدید زرعی سفارشات پر عمل کرکے نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں بہتری لائی جاسکتی ہے بلکہ کاشتکار اپنی پیداواری لاگت میں بھی کمی لاسکتے ہیں۔ انہوں نے فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے انہیں زمین میں شامل کرنے پر زور دیا تاکہ زمین کی زرخیزی برقرار رکھنے میں مدد مل سکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد افضل نے کاشتکاروں کو کسان کارڈ، معیاری کھادوں کی سرکاری نرخوں پر دستیابی اور گندم کی فصل میں پودوں کی مطلوبہ تعداد پوری کرنے کے مؤثر طریقوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے محکمہ زراعت کی جانب سے فراہم کردہ رہنمائی اور سہولیات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت پھالیہ ڈاکٹر ایاز احمد اور زراعت آفیسر تنویر احمد نے گندم کی فصل کو بروقت پانی دینے، آبپاشی کے مناسب طریقہ کار اور جڑی بوٹیوں کے مؤثر کنٹرول کے حوالے سے تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے کاشتکاروں کو فصل کی مختلف مراحل پر مناسب دیکھ بھال اور زرعی سفارشات پر عمل کرنے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔

فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے نمائندگان نے سیمینار کے شرکاء کو متوازن کھادوں کے استعمال، کمپنی کی جدید زرعی مصنوعات اور کاشتکاروں کے لیے دستیاب سہولیات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بہتر زرعی نتائج کے حصول کے لیے زمین اور فصل کی ضرورت کے مطابق کھادوں کے استعمال کی اہمیت اجاگر کی۔

سیمینار میں شریک کاشتکاروں نے زرعی ماہرین کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے آگاہی پروگرام جدید زرعی طریقوں سے واقفیت اور بہتر پیداوار کے حصول میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے معلوماتی سیمینار کے انعقاد پر محکمہ زراعت (توسیع) اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی کا شکریہ ادا کیا۔

شرکاء نے حکومت پنجاب کے کسان کارڈ اور گرین ٹریکٹر سکیم جیسے فلاحی اقدامات کو بھی سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ محکمہ زراعت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے ایسے پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے