خیبر (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار نور حلیم آفریدی) خیبر یونین پاکستان کے جنرل باڈی اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ضلع خیبر اور وادی تیراہ کے متاثرین کی مکمل اور باعزت واپسی کا عمل جلد از جلد ممکن بنایا جائے، جبکہ موجودہ صورتحال میں تیراہ جانے والے مخصوص افراد کے لیے بازاروں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ کسی بھی ممکنہ بیماری یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیراہ میں موبائل ہسپتال بھی فراہم کیا جائے تاکہ وہاں موجود عوام کو بروقت طبی سہولیات میسر آسکیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر یونین پاکستان کا اہم جنرل باڈی اجلاس مرکزی دفتر باڑہ حاجی کیمپ میں مرکزی صدر ہاشم آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری عبدالباقی آفریدی، سینئر نائب صدر حاجی خلیل آفریدی، سابق صدر و بانی رہنما حاجی بازار گل آفریدی، سابق صدر مراد ساقی آفریدی، مجیب الرحمٰن آفریدی، حارث آفریدی، عبدالصمد آفریدی، خیبر سٹوڈنٹس یونین پاکستان کے ترجمان شہریار آفریدی، ڈاکٹر نذیر، مسکین لالا، گل ولی، شاہد خان، آمین جان، خیال حیدر، ساجد، سابق وی سی چیئرمین ازبر خان، برکت خان، سعود خان اور نور محمد ریحان سمیت دیگر عہدیداران اور رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر یونین پاکستان کے مرکزی صدر ہاشم آفریدی نے کہا کہ حکومت تیراہ کے عوام کو درپیش مشکلات کا احساس کرتے ہوئے ان کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے اور آسانیاں پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی باعزت واپسی اور بحالی کو ترجیح دی جانی چاہیے، جبکہ موجودہ حالات میں تیراہ جانے والے افراد کے لیے بازاروں میں ضروری سہولیات اور طبی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موبائل ہسپتال کی فراہمی بھی ناگزیر ہے۔
ہاشم آفریدی نے خیبر یونین پاکستان کے آئینی مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کا ہمیشہ سے مطالبہ رہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں عوام کے ذریعے منتخب ہونے والی بااختیار فاٹا کونسل قائم کی جائے، جو علاقے کی روایات، ضروریات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون سازی کرے اور قبائلی علاقوں میں مستقل امن و امان، ترقی اور خوشحالی کے لیے مؤثر کردار ادا کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا آپشن قبائلی اضلاع کو علیحدہ صوبے کا درجہ دینا ہے، تاکہ وہاں کے عوام اپنی روایات اور زمینی حقائق کے مطابق قانون سازی کرتے ہوئے امن و امان برقرار رکھنے اور ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
مرکزی صدر نے موجودہ انتظامی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤقف کے برعکس ایک غیر منتخب کونسل قائم کی گئی ہے۔ اس نئے نظام اور اس کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے، علاقے میں امن و امان کے قیام اور تمام قبائلی اضلاع کے متاثرین و بے گھر افراد کی باعزت واپسی کے معاملات پر مشاورت کے لیے خیبر یونین پاکستان کی جانب سے آئندہ 13 دسمبر کو ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سیمینار میں قبائلی مشران، سیاسی جماعتوں کے عہدیداران، سماجی شخصیات اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا، جہاں بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال، نئے نظام کے مختلف پہلوؤں، قبائلی اضلاع کے مستقبل اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اسی موقع پر کابینہ کی حلف برداری بھی ہوگی۔
ہاشم آفریدی کے مطابق سیمینار کا مقصد تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے مشاورت کے ذریعے قبائلی علاقوں کے مستقبل، امن و امان اور عوامی مسائل کے حل کے لیے قابل عمل تجاویز سامنے لانا ہے۔