شیطان اورابلیس کے درمیان انتخاب
تحریر ۔ سـید نـذیـر شـاہ
اسرائیلی جمہوریت کا بھی عجیب تماشا ہے۔ کہنے کو تو یہ وہ خطہ ہے جہاں لوگ گلی محلوں سے لے کر پارلیمنٹ تک جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے، اور ٹی وی اسٹوڈیوز میں بھی اکثر ایسی طویل بحثیں چلتی رہتی ہیں جن میں جمہوریت کی خوبصورتی اور انتخابی نظام پر گلے پھاڑے جاتے ہیں۔ لیکن جب بات نئی اسرائیلی حکومت کی آئے تو اچھے بھلے پڑھے لکھے لوگوں کی حالت آج کل ویسے ہی ہو جاتی ہے جیسے کسی پرانے ڈرامے کے اس کردار کی، جو دکان پر جائے اور دکاندار سے کہے "بھائی، کچھ اچھا سا دکھاؤ ” اور دکاندار دو ایسے بدصورت جوڑے سامنے رکھ دے جنہیں دیکھ کر الٹی آنے لگے۔ اب بندہ سوچے کہ مرتا کیا نہ کرتا، پہلا پہنوں تو موت، دوسرا پہنوں تو زندگی عذاب!
اسرائیل میں تناسبی نمائندگی کا انتخابی نظام رائج ہے، جس کے تحت پورا ملک ایک ہی انتخابی حلقہ شمار ہوتا ہے۔ یہاں ووٹرز کسی فرد کے بجائے پارٹی کی بند فہرست کو ووٹ دیتے ہیں اور نشستیں حاصل کردہ ووٹوں کے تناسب سے تقسیم کی جاتی ہیں، بشرطیکہ کوئی بھی پارٹی کم از کم 3.25 فیصد ووٹ کا تناسب حاصل کرے۔ یہی وجہ ہے کہ آج تک کوئی بھی جماعت ایوان کی کل 120 میں سے اکیلے 61 نشستوں کی درکار اکثریت حاصل نہیں کر سکی، اور ہر حکومت کو اتحادیوں کے ساتھ مل کر ہی بننا پڑا ہے ۔
اس سہ فریقی سیاسی نظام میں تین بنیادی ستون کام کرتے ہیں ایک طرف 120 ارکان پر مشتمل چار سالہ مدت والی یک ایوانی پارلیمنٹ (کنیسٹ) ہے جو قانون سازی کرتی اور حکومت بناتی و گراتی ہے، دوسری طرف سات سال کے لیے منتخب ہونے والا وہ صدر (آئزک ہرزوگ) ہے جو عام دنوں میں محض ایک آئینی سربراہ ہوتا ہے مگر بحران کے وقت حکومت سازی کی سمت متعین کرتا ہے، اور تیسری طرف چار سالہ مدت والا وزیراعظم ہے جس کے پاس ریاست کے تمام اصل انتظامی اختیارات ہوتے ہیں۔اس بار کے انتخابات میں عوام نے اچھے خاصے ٹرن آؤٹ کے ساتھ ووٹ تو ڈالا، لیکن نتائج نے پورے ملک کے ہوش اڑا دیے۔ حکومت بنانے کے لیے جو 61 نشستیں چاہیے ہوتی ہیں، وہ کسی ایک کے ہاتھ بھی نہ آئیں۔ نیتن یاہو کا گروپ پیچھے رہ گیا، دوسرا گروپ بھی مطلوبہ تعداد پوری نہ کر سکا ۔
سب سے بڑا سرپرائز عرب پارٹیوں کی 19 نشستیں تھیں جو ان کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی شمار ہوئی۔ ماضی میں جن عرب ووٹرز کو دھارے سے باہر رکھا جاتا تھا، آج وہی اتنی نشستیں لے کر صدارتی دفتر کی اصل چابی اور بنیادی کھلاڑی بن چکے ہیں۔ اسرائیلی صدر نے مشاورت کے بعد حکومت سازی کا پہلا موقع گاڈی آیزن کوٹ کو دیا اور انہیں 28 دن کے اندر مخلوط حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپ دی۔ لیکن صدارتی مینڈیٹ مل جانا اور عملًا حکومت بن جانا دو بالکل الگ باتیں ہیں، جبکہ دوسری طرف نیتن یاہو نگران وزیراعظم کی کرسی سے چمٹے ہوا ہے اور "قومی حکومت” کی تشکیل کا نعرہ لگا کر آئزن کوٹ کی ناکامی کا انتظار کر رہا ہے ۔
لیکن اس پورے سیاسی ڈرامے، پارلیمنٹ کی جوڑ توڑ اور اقتدار کی سودے بازی کا سب سے خوفناک اور دردناک رُخ غزہ کی گلیوں میں بکھرا ہوا ہے۔ اسرائیل کی گلیوں سے لے کر ایوانوں تک جمہوریت کا راگ الاپنے والے حکمران جب غزہ کی طرف دیکھتے ہیں تو ان کا ہر جمہوری دعویٰ اور انسانی حقوق کا ہر فلسفہ راکھ کے ڈھیر میں بدل جاتا ہے۔ 7 اکتوبر 2023ء کے ”طوفان الاقصیٰ“ کے بعد سے لے کر آج تک غزہ پر جاری مظالم کی کہانی صرف بمباری کے شور تک محدود نہیں، بلکہ یہ اس بے بس انسان کی چیخ ہے جو اپنے بچے کے وجود کا ٹکڑا ہاتھوں میں اٹھائے آسمان کی طرف دیکھتا ہے، جہاں اسکول، ہسپتال اور مکانات میں سے کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں بچی۔ان انسانیت سوز مظالم پر عالمی سطح پر شدید ردِعمل سامنے آیا، اور اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ نے عالمی عدالتِ انصاف (ICJ) میں اسرائیل کے خلاف غزہ میں نسل کشی (Genocide) اور سنگین جنگی جرائم کے باقاعدہ مقدمات دائر کر دیے ہیں۔
اسرائیل کی بے دریغ بمباری، مکمل معاشی و غذائی محاصرے اور زمینی پیش قدمی نے غزہ میں ہولناک انسانی بحران کو جنم دیا ہے۔ اس مسلسل تباہی اور عسکری یلغار کے سبب دسیوں ہزار بے گناہ فلسطینی، جن میں بڑی اکثریت معصوم بچوں اور خواتین کی ہے، شہید اور شدید زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ پورا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو کر راکھ کا ڈھیر بن چکا ہے۔ رہی سہی کسر حالیہ شدید ترین بارشوں کے طوفان نے پوری کر دی ہے، جس نے غزہ بھر میں کہرام مچا رکھا ہے۔ ستر ہزار سے زائد بے گھر فلسطینیوں کے خیمے دیکھتے ہی دیکھتے پانی میں ڈوب گئے ہیں، اور یوں پہلے سے مشکلات کا شکار اہلِ غزہ کے مصائب و آلام کی داستان مزید دردناک ہو چکی ہے۔
ایک طرف ایوانوں میں لیڈر نشستیں پوری کرنے کے لیے بند کمروں کی سودے بازی میں مصروف ہیں، تو دوسری طرف غزہ کی راکھ پر بچے بھوک بارشوں اور خوف سےکھلے آسمان تلے سسک رہے ہیں۔ یہ کیسی جمہوریت ہے جو بے گناہوں کے خون کا سہارا لیتی ہے؟ عالمی عدالتوں کے فیصلے اور حقوقِ انسان کے دعوے سب اس بارود کے دھوئیں میں غائب ہو چکے ہیں۔ دنیا کے طاقتور ممالک کا دوہرا معیار یہ ہے کہ سب اس ظلم پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں تاریخ کی کتابوں میں اسے نسل کشی اور انسانیت کا قتلِ عام ہی لکھا جائے گا ۔ سب سے تلخ سچائی تو یہ ہے کہ اسرائیلی الیکشن کے نتائج کے بعد یوں لگتا ہے جیسے مقابلہ کسی اچھے اور برے میں نہیں بلکہ ایک ابلیس اور دوسرے شیطان کے درمیان ہے، اور ان دونوں میں سے ہی کسی ایک نے آخر کار اسرائیلی وزیراعظم بننا ہے۔