مری میں گوجرانوالہ کے طلبہ کی بس حادثے کا شکار، ڈرائیور جاں بحق، 25 زخمی

مری (کیو این این ورلڈ) مری کی شوالہ لنک روڈ پر سکول ٹرپ کی کوسٹر بس موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ 25 کے قریب طلبہ و طالبات زخمی ہو گئے۔

حادثے کا شکار ہونے والی بس طلبہ و طالبات کو ٹرپ کے بعد مری سے گوجرانوالہ واپس لے جا رہی تھی کہ شوالہ لنک روڈ پر موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اہلکار، مری پولیس اور ٹریفک پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمی طلبہ و طالبات کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جبکہ انہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیس اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں معاونت کرتے رہے۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس نے جائے حادثہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی گاڑیوں کے لیے راستہ کلیئر رکھنے کے اقدامات کیے۔

ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے وجوہات کی تحقیقات کے لیے ڈی ایس پی لیگل اور ڈی ایس پی ٹریفک پر مشتمل دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ڈی پی او نے کمیٹی کو جائے حادثہ کا معائنہ کرنے، گاڑی کی تکنیکی حالت، ڈرائیور کی ممکنہ غفلت، روڈ سیفٹی اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

رضا تنویر سپرا کے مطابق حادثے کی اصل وجوہات کا تعین شواہد اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا، جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت ثابت ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں اور سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے