مراد علی چانڈیو میں آنکھوں کے مریضوں کے لیے مفت طبی کیمپ، مستحق افراد کو بینائی کی سہولت فراہم

سکرنڈ (راجا نورمحمد جتوئی سے) سکرنڈ کے نواحی گاؤں مراد علی چانڈیو میں واجد علی خان چانڈیو کی جانب سے اپنے مرحوم والدین قطب علی چانڈیو اور فرمان علی چانڈیو کے ایصالِ ثواب کے لیے آنکھوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج کی غرض سے مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے 600 سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور انہیں ادویات فراہم کیں، جبکہ 70 سے زائد مریضوں کو مفت آپریشن اور آنکھوں میں لینس لگانے کے لیے منتخب کرکے تعلقہ ہسپتال سکرنڈ منتقل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گاؤں مراد علی چانڈیو میں منعقدہ اس مفت آئی کیمپ میں علاقے کے مختلف دیہات اور سکرنڈ شہر سے تعلق رکھنے والے آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد نے شرکت کی۔ ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں طبی مشوروں کے ساتھ مفت ادویات فراہم کیں۔ معائنے کے دوران ایسے مریضوں کی بھی نشاندہی کی گئی جنہیں آپریشن اور لینس لگانے کی ضرورت تھی۔

بعد ازاں 70 سے زائد مریضوں کو مزید علاج اور مفت آپریشن کے لیے تعلقہ ہسپتال سکرنڈ منتقل کیا گیا، جہاں سندھ انسٹیٹیوٹ آف آپتھلمولوجی اینڈ ویژول سائنسز (SIOVS) حیدرآباد کے تعاون سے آنکھوں کے آپریشن کیے گئے اور مریضوں کی آنکھوں میں لینس لگائے گئے۔ اس اقدام سے آنکھوں کے امراض میں مبتلا مستحق افراد کو علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔

اس موقع پر واجد علی خان چانڈیو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فلاحی سرگرمی کا بنیادی مقصد انسانیت کی خدمت کرنا اور ایسے افراد کو بینائی کی روشنی فراہم کرنا ہے جو آنکھوں کے امراض کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ نابینا پن یا بینائی کی کمزوری میں مبتلا افراد کو علاج کی سہولت میسر آئے تاکہ وہ بھی اس خوبصورت دنیا کو دیکھ سکیں اور اپنی تکالیف سے نجات حاصل کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے مرحوم والدین کے ایصالِ ثواب کے لیے شروع کیا گیا خدمتِ خلق کا یہ سلسلہ ان شاء اللہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ اسی مقصد کے تحت ہر ماہ مختلف دیہات اور شہروں میں مفت طبی کیمپ منعقد کیے جاتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

کیمپ اور آپریشن کے طبی امور میں سرجن ڈاکٹر نعیم اللہ شیخ، ایم ایس تعلقہ ہسپتال سکرنڈ ڈاکٹر امتیاز علی چانڈیو، ڈاکٹر کبریا اعوان اور فیلڈ آفیسر جام جاوید علی انڑ نے حصہ لیا۔

اس موقع پر علاقے کی معزز شخصیات صنم خان چانڈیو، شیر لاکھو سمیت گاؤں اور شہر کی دیگر سماجی و متحرک شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس فلاحی اقدام کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے