کمشنر لاڑکانہ اور ڈی آئی جی کا کچے کا دورہ، زیر تعمیر سکول اور کندھ کوٹ گھوٹکی پل کا معائنہ

کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار وقار احمد اعوان) کمشنر لاڑکانہ ڈویژن رشید احمد مسعود اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس لاڑکانہ شیراز نظیر عباسی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کشمور ایٹ کندھ کوٹ میں ضلع کشمور کے کچے کے علاقوں کی سماجی و معاشی ترقی اور سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں کچے کے علاقوں میں سماجی و معاشی ترقی کے لیے جاری اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں منتخب عوامی نمائندگان ایم این اے سردار علی جان خان مزاری، ایم پی اے سردار میر غلام عابد خان سندرانی، ایم پی اے حاجی عبدالرؤف خان کوسو، وائس چیئرمین الطاف خان کھوسو، ایس ایس پی کشمور محمد مراد گھانگھرو سمیت تعلیم، صحت، آبپاشی، ہائی ویز، بلڈنگز، لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ، لائیو اسٹاک اور زراعت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کچے کے علاقوں میں تعلیم، صحت، بنیادی انفراسٹرکچر، زرعی ترقی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور زیر بحث آئے، جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں میں جاری اقدامات اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر کمشنر لاڑکانہ ڈویژن رشید احمد مسعود نے کچے کے علاقوں کی پسماندگی دور کرنے اور وہاں کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع کشمور کے کچے کے علاقوں میں سماجی و معاشی ترقی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرکے انہیں ترقی کے قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔

اجلاس کے بعد کمشنر لاڑکانہ ڈویژن رشید احمد مسعود، ڈی آئی جی پولیس لاڑکانہ اور ڈپٹی کمشنر کشمور ایٹ کندھ کوٹ نے کچے کے علاقے کا دورہ کیا، جہاں زیر تعمیر سکول کا معائنہ کرکے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام سے منصوبے کی پیش رفت اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کی گئیں۔

بعد ازاں افسران نے زیر تعمیر کندھ کوٹ گھوٹکی پل کے کام کا بھی جائزہ لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے