اوچ شریف (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار حبیب خان ) اوچ شریف کے نواحی علاقے جھانگڑہ شرقی میں گھر میں کولڈ ڈرنک کی بوتل میں محفوظ واش روم کی صفائی کے لیے استعمال ہونے والا تیزاب پینے سے تین سالہ بچہ متاثر ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچے کی شناخت افان ولد محمد عباس، عمر تین سال، سکنہ جھانگڑہ شرقی، اوچ شریف کے نام سے ہوئی ہے۔ بچے کے والد کے مطابق واش روم کی صفائی کے لیے استعمال ہونے والا تیزاب کولڈ ڈرنک کی بوتل میں رکھا ہوا تھا، جسے بچے نے اٹھا کر نامعلوم مقدار میں پی لیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچے اور بچے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ریسکیو رپورٹ کے مطابق بچے کو مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔