ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر شہری و دیہی علاقوں میں صفائی مہم تیز، گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کا عمل بھی جاری

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی خصوصی ہدایات پر تحصیل بھر میں صفائی ستھرائی کا گرینڈ آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔

مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ احمد سلیم چشتی کی زیرِ قیادت اور سارکو انتظامیہ کی نگرانی میں شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کے لیے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں۔ آپریشن کے دوران گلی محلوں، بازاروں، اہم شاہراہوں، عوامی مقامات اور دیگر مصروف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ کوڑا کرکٹ کی بروقت اٹھائی اور منتقلی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

صفائی مہم کے تحت عارضی ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کی صفائی اور وہاں جمع ہونے والے فضلے کو مقررہ مقامات تک منتقل کرنے کے لیے عملہ اور مشینری روزانہ کی بنیاد پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ شہری و دیہی آبادیوں میں گھر گھر سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے عمل کو بھی مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

فیلڈ ٹیمیں مختلف علاقوں میں متحرک رہتے ہوئے صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔ ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے متعلقہ عملے کو صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

سارکو انتظامیہ کے مطابق اس آپریشن کا مقصد تحصیل بھر میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانا، شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف ستھرا پنجاب ویژن کو عملی جامہ پہنانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے