جی ایچ کیو میں ملاقات، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شِنگ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی وزیر لیو ہائی شِنگ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں ان کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں آزمودہ سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور آزمودہ دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط، ادارہ جاتی تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

چینی وزیر لیو ہائی شِنگ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور پاکستان و چین کے دیرینہ سٹریٹجک تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے