چک نمبر 15 اور گوہڑ شریف میں نکاسی آب کا مسئلہ برقرار، سیم نالے کی تعمیر کا مطالبہ

منڈی بہاؤالدین (کیو این این ورلڈ / جنرل رپورٹر جنید طالب نوشاہی) منڈی بہاؤالدین کے علاقوں چک نمبر 15 اور گوہڑ شریف میں بارش کا پانی مہینوں گزرنے کے باوجود درجنوں ایکڑ اراضی سے نکالا نہ جا سکا، جس کے باعث مقامی آبادی اور کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ زرعی زمینوں میں پانی کھڑا رہنے سے فصلیں اور چارہ تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ رہائشی مکانات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے نکاسی آب کے مستقل حل کے لیے سیم نالے کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوہڑ شریف اور چک نمبر 15 کی درجنوں ایکڑ اراضی میں تاحال بارش کا پانی جمع ہے۔ پانی کی مسلسل موجودگی نے زرعی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے اور کسانوں کی فصلیں اور مویشیوں کے لیے کاشت کیا گیا چارہ تباہ ہو چکا ہے۔ صورتحال کے باعث دھان اور چارے کی نئی فصل کی کاشت بھی ممکن نہیں رہی، جس سے کسانوں کو مزید مالی نقصان کا سامنا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق پانی جمع رہنے سے رہائشی مکانات بھی متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ آبادیوں کے اطراف کھڑے پانی کے باعث مچھروں اور دیگر موذی امراض کے پھیلاؤ کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں ہر سال بارشوں کے بعد اسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن مستقل نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کے باعث مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔

اہل علاقہ نے بتایا کہ سیم نالے کی تعمیر کے لیے اعلیٰ حکام کو متعدد بار درخواستیں دی جا چکی ہیں، تاہم ان کے بقول اس منصوبے پر تاحال عملی پیش رفت نہیں ہو سکی اور تعمیر کا معاملہ صرف کاغذوں تک محدود ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی زندگی مشکل ہو چکی ہے، جبکہ ہر سال فصلوں اور مکانات کو پہنچنے والے نقصان نے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

متاثرہ شہریوں اور کسانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ چک نمبر 15 اور گوہڑ شریف میں نکاسی آب کے مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے، سیم نالے کی تعمیر کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور جمع شدہ بارش کے پانی کی نکاسی کا ہنگامی انتظام کیا جائے تاکہ زرعی زمینوں، فصلوں اور رہائشی آبادیوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے