تھرپارکر (کیو این این ورلڈ)تھرپارکر کی تحصیل نگرپارکر کے گاؤں ڈانو دھاندل میں ایک دلدوز سانحہ پیش آیا ہے، جہاں بنیادی صحت مرکز پر کھڑی ایمبولینس میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور 6 مرد شامل ہیں۔ حادثے کے وقت بنیادی صحت مرکز سے مریضوں کو دوسرے ہسپتال ریفر کرنے کے لیے ایمبولینس میں بٹھایا جا رہا تھا کہ اس دوران آکسیجن یا گیس سلنڈر فٹ کرتے ہوئے اچانک دھماکا ہو گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ایمبولینس شدید آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ انتظامیہ، ہیلتھ ایمرجنسی، ریسکیو 1122 اور ٹاؤن حکام فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی میتوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق حادثے کے فوراً بعد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سول ہسپتال مٹھی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔