اوچ شریف (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے کوٹ خلیفہ میں ایک گائے کے ہاں غیر معمولی شکل و صورت اور عجیب و غریب جسمانی ساخت کے حامل بچھڑے کی پیدائش نے اہل علاقے کی توجہ حاصل کر لی، جس پر مقامی افراد میں شدید حیرت و تجسس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوٹ خلیفہ کی رہائشی بیوہ خاتون بشیراں بی بی کی گائے نے ایک ایسے بچھڑے کو جنم دیا جس کی ظاہری ساخت عام بچھڑوں سے بالکل مختلف اور عجیب الخلقت بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور غیر معمولی پیدائش کو دیکھنے کے لیے مقامی افراد کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ تاہم ذرائع کے مطابق یہ غیر معمولی بچھڑا جنم لینے کے کچھ ہی دیر بعد دم توڑ گیا۔
اس حوالے سے ویٹرنری ڈاکٹر محمد نعمان چوہان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک قسم کی مخصوص پیدائشی کیفیت (Congenital condition) ہوتی ہے، جس میں جنین کی نشوونما کے دوران خلل کے باعث جانور غیر معمولی جسمانی ساخت کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی کیفیات کی درست اور سائنسی نوعیت کا تعین مکمل ویٹرنری معائنے کے بعد ہی ممکن ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق جانوروں میں اس نوعیت کی غیر معمولی جسمانی ساخت کے ساتھ پیدائش کی مختلف جینیاتی اور ماحولاتی وجوہات ہو سکتی ہیں، تاہم اس مخصوص بچھڑے کی صورتحال کے حوالے سے حتمی رائے باقاعدہ لیبارٹری و طبی معائنے کے بعد ہی قائم کی جا سکتی ہے۔