گوجرانوالہ (کیواین این ورلڈ/بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی)ایڈوانس ویٹرنری ہسپتال گوجرانوالہ میں جدید طبی سہولیات کے تحت آپریشن تھیٹر، ایکسرے اور الٹراساؤنڈ کی سہولیات کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب کی صدارت رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری شاہد عثمان ابراہیم نے کی۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور محکمہ لائیو سٹاک کی ہدایات کی روشنی میں فراہم کی جانے والی ان جدید سہولیات کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ہسپتال کے ڈاکٹرز ڈاکٹر زبیر منیر، ڈاکٹر صائمہ ارم سید، ڈاکٹر ہشام حبیب اور ڈاکٹر وسیم عباس نے مہمانِ خصوصی کو ہسپتال میں دستیاب جدید آلات اور سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ اب یہاں پیچیدہ سرجریز، ایکسرے اور الٹراساؤنڈ کی سہولت موجود ہے جس سے علاقے کے کسانوں اور مویشی مالکان کو بڑی آسانی ہوگی۔شاہد عثمان ابراہیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب بھر میں لائیو سٹاک سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
گوجرانوالہ کا یہ ایڈوانس ویٹرنری ہسپتال انہی کوششوں کا حصہ ہے جس سے نہ صرف جانوروں کے علاج معالجے میں بہتری آئے گی بلکہ کسانوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔افتتاح کے بعد مہمانِ خصوصی نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔