بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، قلات میں 4 ہلاک، گوادر میں میجر وجاہت وحید شہید

بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، قلات میں 4 ہلاک، گوادر میں میجر وجاہت وحید شہید

بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جتک آباد میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی میں اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی تعداد بھی برآمد کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر کے علاقے شادی کور میں سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جس کے دوران فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر وجاہت وحید کی عمر 34 سال تھی اور ان کا تعلق لاہور سے تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جبکہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے