بلوچستان: آپریشن ردالفتنہ 3، سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 10 دہشت گرد مارے گئے

بارکھان (کیو این این ورلڈ) بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ضلع بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

حکام کے مطابق کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار زخمی ہوئے، جن کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لیے سکیورٹی فورسز، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پُرعزم ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے