ڈیرہ غازی خان(کیو این این ورلڈ/ڈویژنل بیوروچیف مریدحسین ٹالپور) بستی علیانی وڈور کے قریب گھر میں سوئے ہوئے باپ بیٹے کو مبینہ طور پر پرانی دشمنی کی بنا پر مخالفین نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ دونوں زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے ابتدائی طبی امداد کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا۔
ریسکیو 1122 کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان کے مطابق بستی علیانی وڈور کے قریب ایک گھر میں دو افراد کو گولیاں لگنے کی اطلاع موصول ہوئی،
ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں دو افراد گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں موجود تھے۔ ریسکیو سٹاف نے دونوں زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور مزید علاج معالجے اور قانونی کارروائی کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق غلام شبیر اور اس کا 16 سالہ بیٹا صفدر گھر میں سوئے ہوئے تھے کہ مبینہ طور پر پرانی دشمنی کی بنا پر مخالفین گھر میں داخل ہوئے اور دونوں کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق 45 سالہ غلام شبیر ولد سونہارا اور اس کے 16 سالہ بیٹے صفدر ولد غلام شبیر کی دونوں ٹانگوں پر گولیاں لگیں۔ دونوں کو مزید طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کو بھی آگاہ کردیا گیا، تاہم فائرنگ کے واقعے کی مزید تفصیلات اور ملزمان کے حوالے سے پولیس کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔