ڈیرہ غازی خان (کیو این این این ورلڈ / سٹی رپورٹر جواد اکبر) جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے صدر سعد خورشید کانجو نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ خطے کی پائیدار ترقی، عوام کو بہتر انتظامی سہولیات کی فراہمی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے الگ صوبے کا قیام ناگزیر ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد خورشید کانجو نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام اس خطے کے عوام کی دیرینہ، جائز اور آئینی ضرورت ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام اپنے بنیادی حقوق، بہتر انتظامی نظام اور ترقی کے یکساں مواقع کے لیے ایک الگ صوبے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب پاکستان کا اہم زرعی، تجارتی اور معاشی خطہ ہے، تاہم انتظامی مسائل اور وسائل تک محدود رسائی کے باعث یہ خطہ اپنی حقیقی صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر سکا۔ ان کے بقول الگ صوبے کے قیام سے خطے کے انتظامی مسائل میں کمی لانے اور عوام کو سرکاری اداروں تک بہتر رسائی فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
سعد خورشید کانجو نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے انتظامی امور عوام کے قریب ہوں گے اور ترقیاتی عمل میں تیزی آئے گی۔ اس کے علاوہ کاروباری، صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے، روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، جبکہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے انتظامی نظام زیادہ مؤثر بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے جنوبی پنجاب کے صنعت کاروں، تاجروں اور کاروباری شخصیات پر زور دیا کہ وہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے مطالبے کی حمایت کریں اور اس مقصد کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
صدر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا مطالبہ کسی علاقے، جماعت یا طبقے کے خلاف نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کے عوام کے بہتر مستقبل، ترقی اور خوشحالی سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بناؤ تحریک خطے کے عوام کے حقوق اور بہتر انتظامی نظام کے لیے اپنی آواز بلند کر رہی ہے۔
سعد خورشید کانجو نے جنوبی پنجاب کے تمام سیاسی، سماجی، تاجر، وکلا، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو دعوت دی کہ وہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی مشترکہ کوششوں سے اس مطالبے کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکتا ہے تاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کی دیرینہ خواہش کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔