پیرا فورس عوامی مسائل کے حل اور اصلاحی اقدامات کے لیے کوشاں ہے، اعظم شائیگان

رائے ونڈ(کیو این این ورلڈ) معروف کالم نگار ظفر اقبال ظفر کی انچارج پیرا فورس رائے ونڈ اعظم شائیگان سے ملاقات اور خصوصی نشست ہوئی، جس میں علمی، ادبی، فکری اور اصلاحی موضوعات کے ساتھ انسانیت اور پاکستانیت کی خدمت کے جذبے کو اجاگر کیا گیا۔

نشست کے دوران مختلف علمی، ادبی، علاقائی اور ملکی موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ معاشرتی مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے اصلاحی پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا گیا۔ گفتگو میں اس امر پر زور دیا گیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سرکاری اداروں اور ان کے اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں احساسِ ذمہ داری، اخلاقی اقدار اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ادا کرنی چاہئیں۔

انچارج پیرا فورس رائے ونڈ اعظم شائیگان نے معروف کالم نگار ظفر اقبال ظفر اور سینئر صحافی قمر جعفری کو بتایا کہ پیرا فورس رائے ونڈ اخلاقی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عوامی مسائل کے خاتمے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ عام آدمی کو بلاوجہ قانونی کارروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے بلکہ اصلاح اور بہتری کا راستہ اختیار کیا جائے۔ عوامی گزرگاہوں پر قائم رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے پہلے متعلقہ افراد کو اپنی تجاوزات ختم کرنے اور اپنی کرایہ داری یا مالکانہ حدود میں جانے کی بار بار تاکید کی جاتی ہے۔

اعظم شائیگان نے کہا کہ جو افراد بار بار سمجھانے کے باوجود عوامی راستوں اور گزرگاہوں میں مسائل کا باعث بنتے رہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لیے حکمت عملی اختیار کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے عوامی خدمت پر مبنی مشن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنے ماتحت عملے کی ذہن سازی بھی کی جاتی ہے تاکہ شہریوں کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کیا جائے اور مسائل کو احسن انداز میں حل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پیرا فورس بے قصور عوام پر جبر، ظلم یا زیادتی کے نظریے پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عام شریف شہریوں کو رشوت اور سفارش کے بغیر خدمات فراہم کرنا ادارے کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ پیرا فورس کے قیام کا بنیادی مقصد ہی عوامی مسائل کے حل میں کردار ادا کرنا ہے۔

انچارج پیرا فورس رائے ونڈ اعظم شائیگان نے عام شہریوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر پیرا فورس کے کسی اہلکار کی جانب سے کوئی غیر قانونی یا غیر اخلاقی حرکت سامنے آئے تو اس کی نشاندہی براہ راست انہیں کی جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایسی شکایت پر فوری طور پر اصلاحی حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ ادارے کے قیام کا بنیادی مقصد اور وقار برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ جو عناصر ادارے کے اندر یا باہر رہ کر ذاتی مفادات کے لیے حکومتی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے خلاف حکومت پنجاب کی جانب سے تفویض کردہ اختیارات کے مطابق کارروائی کا حق حاصل ہے۔

اعظم شائیگان کا کہنا تھا کہ اگر ہر ذمہ دار افسر حب الوطنی، محنت اور عوامی و ملکی خدمت کے جذبے کو اپنے ماتحت عملے تک منتقل کرے تو عوامی مسائل پر مستقل بنیادوں پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

نشست کے اختتام پر معروف کالم نگار ظفر اقبال ظفر نے انچارج پیرا فورس رائے ونڈ اعظم شائیگان کو اپنی کتاب ’’ظفریات‘‘ پیش کی۔ کتاب وصول کرتے ہوئے اعظم شائیگان نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں ادبی نثر نگاری سے بے حد لگاؤ ہے، کیونکہ ادب انسان کی سوچ کا زاویہ تبدیل کرنے اور معاشرے میں مثبت فکر کو فروغ دینے کی طاقت رکھتا ہے۔

اس خوبصورت اور فکری نشست کا اہتمام رائے ونڈ کے سینئر صحافی قمر جعفری نے کیا، جبکہ معروف کاروباری شخصیت عمران شہزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے