ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے اہم جزو اینٹی لیٹرنگ مہم پر عملدرآمد جاری ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں اینٹی لیٹرنگ سکواڈ نے باقاعدہ طور پر ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں گشت اور شہریوں میں صفائی سے متعلق آگاہی کا آغاز کر دیا ہے۔
اینٹی لیٹرنگ سکواڈ کا بنیادی مقصد شہریوں کو سڑکوں، گلیوں اور دیگر عوامی مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے روکنا، صفائی کی اہمیت اجاگر کرنا اور شہریوں میں صفائی کے حوالے سے ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہے۔
سکواڈ کے اہلکار شہر کے مختلف علاقوں میں گلی گلی جا کر شہریوں کو آگاہ کر رہے ہیں کہ کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر پھینکا جائے اور عوامی مقامات کو گندگی سے محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔
انتظامیہ کے مطابق آگاہی کے مرحلے کے بعد اینٹی لیٹرنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانوں کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مہم کا مقصد صرف جرمانے عائد کرنا نہیں بلکہ شہریوں میں صفائی کے حوالے سے مستقل شعور اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہے۔
اینٹی لیٹرنگ سکواڈ کی سرگرمیوں کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو صفائی کے اصولوں پر عملدرآمد کی ترغیب دی جا رہی ہے تاکہ ڈیرہ غازی خان کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک بنانے کے اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کے عمل میں انتظامیہ اور صفائی عملے سے تعاون کریں، سڑکوں، گلیوں اور دیگر عوامی مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں اور اسے مقررہ جگہ پر تلف کریں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی صرف حکومت یا صفائی عملے کی ذمہ داری نہیں بلکہ شہریوں کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے عوامی تعاون سے ہی صاف، صحت مند اور بہتر ڈیرہ غازی خان کے قیام کا مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔