اپر باڑہ میں زرعی پراجیکٹ کی منظوری متوقع، سبزیوں، زیتون اور پھلدار پودوں پر توجہ

خیبر (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار نورحلیم آفریدی) قوم سپاہ کے مشران کے ایک وفد نے قومی مشر حاجی جمر گل آفریدی کی سربراہی میں محکمہ زراعت کے حکام سے ملاقات کی اور اپر باڑہ میں زرعی شعبے سے متعلق مسائل اور ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وفد نے باڑہ کے زراعت آفیسر شوکت خان آفریدی سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران اپر باڑہ کے مختلف علاقوں میں زرعی سہولیات، سبزیوں کے بیج، کھاد، واٹر چینلز اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد کی جانب سے نرے بابا کے مقام پر ایک دوسری قوم سے تعلق رکھنے والے فرد کی مبینہ بھرتی کے معاملے کا بھی ذکر کیا گیا۔

اس موقع پر زراعت آفیسر شوکت خان آفریدی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نرے بابا کے مقام پر محکمہ زراعت کی جانب سے کسی قسم کی بھرتی نہیں کی گئی۔ انہوں نے وفد کو محکمہ زراعت کی جانب سے علاقے میں جاری اور مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔

شوکت خان آفریدی نے بتایا کہ وادی تیراہ کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور رکن صوبائی اسمبلی باڑہ عبدالغنی آفریدی کی ذاتی دلچسپی کے باعث ایک بڑے زرعی منصوبے کی منظوری متوقع ہے، جس کے تحت علاقے کے موسمی حالات کے مطابق فصلوں اور سبزیوں کی کاشت کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نقل مکانی سے قبل وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں اخروٹ کے ہزاروں پودے تقسیم کیے گئے تھے، جبکہ تختکی اور دیگر علاقوں میں آلو کی کاشت کے لیے 6 ٹرک آلو بھی فراہم کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیراہ میں سٹرابیری کی نرسری قائم کرنے اور اس کے پودے باڑہ کے مختلف علاقوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

زراعت آفیسر کے مطابق باڑہ ایگریکلچر آفس میں کسانوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے۔ کاریگر گڑھی میں تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کی لاگت سے زیتون سے تیل نکالنے کے لیے مشین نصب کی گئی ہے، جہاں دور دراز علاقوں سے کسان اپنے زیتون لا کر مفت تیل نکلواتے ہیں۔

شوکت خان آفریدی نے کہا کہ مستقبل قریب میں محکمہ زراعت کی ٹیم قومی مشران کے ہمراہ اپر باڑہ کا دورہ کرے گی۔ اس دوران علاقے کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سبزیوں اور مختلف فصلوں کی کاشت کے لیے موزوں مقامات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ زیتون کے باغات لگانے کے لیے بھی قابل عمل مقامات کی نشاندہی کی جائے گی۔

اس موقع پر زراعت آفیسر نے بعض افراد کی جانب سے پھلدار اور زرعی پودوں کو کاٹنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پودے علاقے کی معیشت اور ماحول کے لیے اہم اثاثہ ہیں، اس لیے ان کے تحفظ پر توجہ دینا ضروری ہے۔

وفد میں قومی مشر حاجی جمر گل آفریدی، سخی آفریدی، خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے سینئر رہنما تراب علی خان، گل بہادر اور کپتان خان سمیت دیگر افراد شامل تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے