ضلع خیبر (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف): پاکستان تحریک انصاف مینارٹی ونگ کے مرکزی اور صوبائی عہدیداران نے تحصیل لنڈی کوتل اور تحصیل جمرود کا دورہ کیا، جہاں 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے سٹریٹ موومنٹ، عوامی رابطہ مہم اور آگاہی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔
سٹریٹ موومنٹ کے دوران پی ٹی آئی مینارٹی ونگ کے رہنماؤں نے مختلف علاقوں میں عوام اور مسیحی برادری سے ملاقاتیں کیں اور انہیں 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے پارٹی کی سرگرمیوں اور تیاریوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مقامی افراد سے براہِ راست رابطہ کیا گیا اور لانگ مارچ سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
پی ٹی آئی مینارٹی ونگ کے عہدیداران نے ضلع خیبر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی دورہ کیا اور موقع پر کام کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران متعلقہ انجینئرز اور ٹھیکیداروں سے منصوبوں کے معیار، رفتار اور بروقت تکمیل کے حوالے سے گفتگو کی گئی، جبکہ مقامی افراد کے مسائل بھی سنے گئے۔
اس موقع پر صدر انصاف مینارٹی ونگ ضلع خیبر ملک ارشد مسیح اور مسیحی برادری کی جانب سے مرکزی و صوبائی عہدیداران کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مہمانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ خوشی کے اظہار کے لیے مختصر آتش بازی اور سنو فال کا بھی اہتمام کیا گیا۔
سٹریٹ موومنٹ میں مرکزی جنرل سیکرٹری مینارٹی ونگ حقوب گل، صوبائی صدر و وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن برائے مینارٹیز وزیرزادہ، صوبائی جنرل سیکرٹری مینارٹی ونگ روی کمار، جوائنٹ سیکرٹری خیبرپختونخوا مینارٹی ونگ امین انایت، کوکس کمیٹی ممبر سموئیل رابیٹ، صدر انصاف مینارٹی ونگ ضلع خیبر ملک ارشد مسیح، آصف مسیح، پادری الیاس، پادری جارج اور دیگر پادری صاحبان و معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر مسیحی برادری کے نوجوانوں، بچوں اور بچیوں سمیت بڑی تعداد میں افراد بھی موجود تھے۔ شرکاء نے 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم اور آگاہی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔