ڈیرہ غازی خان ( کیو این این ورلڈ/نیوز رپورٹر شاہد خان) وڈور روڈ پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل اور بھاری ٹریکٹر ٹرالیوں کی مبینہ بے احتیاطی کے باعث مقامی شہری شدید مشکلات اور پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔
شہریوں کے مطابق وڈور روڈ پر ٹریفک پولیس کی مؤثر ڈیوٹی اور مسلسل نگرانی شدید کمی نظر آتی ہے۔ صبح سے شام تک بغیر ترپال کے چلنے والی ٹریکٹر ٹرالیاں سڑک پر مٹی اور ریت گراتی ہوئی گزرتی ہیں، جبکہ متعدد گاڑیاں فنی طور پر ناکارہ ہونے کے باوجود سڑکوں پر روان دوان ہیں۔ اہل علاقہ نے بعض ڈرائیوروں کے لائسنس اور گاڑیوں کی فٹنس پر بھی سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
اس سڑک سے روزانہ بڑی تعداد میں سکول کے بچے، موٹر سائیکل سوار اور عام شہری گزرتے ہیں، جس کے باعث تیز رفتاری اور بے احتیاطی سے ہر وقت خونی حادثات کا خدشہ منڈلا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی اس روڈ پر بھاری گاڑیوں کے باعث متعدد دردناک حادثات رونما ہو چکے ہیں۔
مقامی آبادی نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ وڈور روڈ پر خصوصی چیکنگ کا نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے بغیر ترپال، غیر فٹ گاڑیوں اور بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور سکول کے اوقات میں ٹریفک کی خصوصی نگرانی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے پہلے شہریوں کی قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔