خیبر ( کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار نورحلیم آفریدی) اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق عالم نے کہا ہے کہ سنڈا پال، درے نغری و دیگر علاقوں کے متاثرین کی وادی تیراہ میدان کی دیگر اقوام کی طرز پر رجسٹریشن کر کے انہیں تمام حقوق دیے جائیں گے اور اس کے ساتھ ہی ان کی واپسی کا مرحلہ بھی شروع کیا جائے گا۔
قوم سپاہ کے مشران نے وادی تیراہ میدان میں سیکیورٹی فورسز کے حکام سے ملاقات کے بعد اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق عالم سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں سنڈا پال، درے نغری، دروٹہ اور خاپور کے متاثرین کی رجسٹریشن، واپسی اور دیگر درپیش مسائل پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشران نے اے سی باڑہ کو بتایا کہ 2023ء میں پندرہ دن کے وعدے پر گھروں سے بیدخلی کے بعد تین سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، مگر نہ تو ان کی رجسٹریشن ہو سکی ہے، نہ تیراہ میدان کی واپسی میں انہیں شامل کیا گیا ہے اور نہ ہی ان علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا کوئی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق عالم نے قومی مشران کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی رجسٹریشن ان کا قانونی حق ہے اور ان کے حقوق کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے رجسٹریشن اور واپسی کے حوالے سے تین تجاویز پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں رجسٹریشن کا آغاز ہوگا، قوم سپاہ کی فراہم کردہ فہرستوں کی چھان بین کے بعد حتمی فہرست ترتیب دے دی گئی ہے اور شفافیت کے لیے متاثرین کو براہ راست سمز جاری کی جائیں گی۔
اے سی باڑہ نے مزید کہا کہ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ان علاقوں کے متاثرین کی واپسی کا باقاعدہ شیڈول ترتیب دیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ خیبر متاثرین کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور تمام مشکلات قومی مشران سے قریبی رابطے کے ذریعے حل کی جائیں گی۔ ملاقات کرنے والے قومی مشران میں حاجی جمر گل، حاجی آلہ ماش، حاجی ملک خان، خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے تراب علی خان اور قاضی فرمان شامل تھے۔
