ماسکو (کیو این این ورلڈ): روس کے مشرقی علاقے امور میں تربیتی پرواز کے دوران روسی فوج کا Tu-95 بمبار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں عملے کے 6 ارکان ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق حادثہ 29 ستمبر کو امور ریجن کے ایک غیر آباد علاقے میں تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا۔ وزارت دفاع نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق طیارے میں سوار عملے کے 6 ارکان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک رکن زخمی ہوا، جسے حادثے کے بعد نکال کر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
روسی سرکاری خبر رساں ادارے تاس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت طیارہ کسی جنگی کارروائی کے بجائے تربیتی پرواز پر تھا اور اس میں کوئی گولہ بارود یا اسلحہ موجود نہیں تھا۔
روسی حکام نے فوری طور پر حادثے کی وجہ نہیں بتائی، تاہم واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے روسی ایرو اسپیس فورسز کی ایک تحقیقاتی ٹیم جائے حادثہ روانہ کردی گئی ہے۔
Tu-95 سوویت دور میں تیار کیا گیا طویل فاصلے تک پرواز کرنے والا اسٹریٹجک بمبار طیارہ ہے، جو جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ طیارہ روس کی اسٹریٹجک ایوی ایشن میں طویل عرصے سے استعمال ہورہا ہے۔
حادثے کے بعد روسی حکام کی جانب سے طیارے کے گرنے کی وجوہات اور دیگر حالات کی تحقیقات جاری ہیں۔