خیبر (کیو این این ورلڈ/بیورچیف نصیب شاہ شینواری): قائمقام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر شفیق خان کی سربراہی میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، تمام سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور پولیسنگ سے متعلق مختلف اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ کے دوران بروقت ایف آئی آر کے اندراج، سائلین کی داد رسی، پولیس نفری کی حاضری، سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے، ناکہ بندیوں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں، بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کے خلاف قانونی کارروائی اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے حوالے سے اقدامات سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔
قائمقام ڈی پی او خیبر شفیق خان نے افسران کو ہدایت کی کہ تھانہ جات اور چوکیات میں پولیس نفری کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے اور فرائض میں غفلت یا لاپرواہی کی گنجائش نہ رکھی جائے۔ انہوں نے جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر ناکہ بندیوں اور گشت کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
قائمقام ڈی پی او نے بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کے خلاف مؤثر چیکنگ کرنے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ چیکنگ اور کارروائی کے دوران تمام قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔
میٹنگ میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے حوالے سے بھی قانون اور ضابطے کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر افسران کو ہدایت کی گئی کہ متعلقہ قوانین اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
شفیق خان نے سائلین کی فوری داد رسی اور ایف آئی آر کے بروقت اندراج پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن آنے والے شہریوں کے مسائل قانون کے مطابق فوری طور پر حل کیے جائیں اور کسی بھی سائل کو غیر ضروری طور پر پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں اور پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔