اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس نے تحصیل اوکاڑہ اور تحصیل رینالہ خورد میں غیر قانونی و غیر محفوظ ایل پی جی شاپس کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا ہے۔
سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر کی زیر نگرانی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں سرپرائز چیکنگ کرتے ہوئے سیفٹی ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی پر 5 دکانوں کو موقع پر سیل کر دیا، جبکہ مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمات بھی درج کروا دیے ہیں۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کی جانی و مالی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ گنجان آباد علاقوں اور بازاروں میں غیر قانونی اور غیر محفوظ ایل پی جی ری فلنگ شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوکاڑہ اور رینالہ خورد میں حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور یہ کریک ڈاؤن آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہے گا۔