اوچ شریف (کیو این این ورلڈ، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح میں پیش آنے والے مختلف حادثات کے دوران 14 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، جبکہ کتے کے کاٹنے سے بھی ایک شہری زخمی ہوا۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور زخمیوں اور لاش کو ہسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق چوک بھٹہ روڈ اوچ شریف پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 14 سالہ محمد جمیل موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کا تعلق موضع گڑھی کنڈی سے بتایا گیا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی کے بعد لاش رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کردی۔
دوسرے حادثے میں جلالپور روڈ پر شیخ بوبی والا پٹرول پمپ کے قریب سڑک پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے موٹر سائیکل ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 50 سالہ شیخ مٹھو ولد شیخ حنو شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی کے گلے کے بائیں جانب گہرا زخم جبکہ بائیں ٹانگ میں کھلا فریکچر ہوا۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کردیا گیا۔
علاوہ ازیں جلالپور روڈ، اوچ شریف واٹر پارک کے قریب کتے کے کاٹنے سے 39 سالہ راجن بخاری ولد سید حسن جہانیاں کے دائیں پاؤں پر زخم آیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد متاثرہ شہری کو ہسپتال منتقل کردیا۔