دہشت گردی کی مالی معاونت کے خاتمے پر سندھ پولیس اور اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

کراچی(کیو این این ورلڈ/نمائندہ خصوصی ڈاکٹربشیراحمد بلوچ کی رپورٹ) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سے اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی کے چیئرمین مشتاق احمد سکھیرا کی قیادت میں وفد نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دہشت گردی کی مالی معاونت کے مقدمات، تفتیشی امور اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفد نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سمیت سندھ پولیس کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز و سی ٹی ڈی، اے آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی سی ٹی ڈی سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے وفد کو دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق مقدمات، ان کی تفتیش، قانونی کارروائی اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے مقدمات میں سی ٹی ڈی کی کارروائیوں، تفتیشی طریقہ کار اور مقدمات کے مختلف مراحل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی کے وفد نے مقدمات میں ہونے والی پیش رفت اور سی ٹی ڈی کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔ وفد نے تفتیش کو مزید مؤثر بنانے، اداروں کے درمیان رابطہ کاری بڑھانے اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے مقدمات میں قانونی کارروائی اور سزاؤں کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تعاون مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔

اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ دہشت گردی کی مالی معاونت کے مکمل تدارک کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری، معلومات کا بروقت تبادلہ اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس دہشت گردی کی مالی معاونت کے نیٹ ورک کے خاتمے اور ایسے مقدمات کی مؤثر تفتیش و قانونی پیروی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے