کشمور (کیو این این ورلڈ / وقار احمد اعوان ) تحریکِ عوام پاکستان کے چیئرمین محمد زاہد اعوان نے عوامی مسائل کے حل، بہتر انتظامی نظام اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے اہم ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام، انتظامی امور میں بہتری، عوامی مسائل کے فوری حل، بہتر حکمرانی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر محمد زاہد اعوان نے انتظامی یونٹس کے قیام کو عوامی سہولیات، مؤثر حکمرانی اور علاقائی ترقی کے لیے وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامی نظام جتنا عوام کے قریب ہوگا، اتنی ہی ان کی مشکلات میں کمی اور مسائل کا بروقت حل ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کی سیاست کا بنیادی مقصد صرف اقتدار نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کا تحفظ ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی انتظامی اصلاحات اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تجاویز پر اتفاق کیا، جبکہ ملاقات میں عوامی مفاد کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے زاہد اعوان کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اسے بہتر حکمرانی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔