ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی گاڑیوں کی شدید چیکنگ

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر انسداد سموگ مہم کے تحت دھواں چھوڑنے اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران نے شہر کے مختلف اہم مقامات پر گاڑیوں کی چیکنگ کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے چالان کیے اور مالکان کو سخت تنبیہ جاری کی۔

تفصیلات کے مطابق انسداد سموگ مہم کے تحت ڈی آر ٹی اے کے افسران نے مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر گاڑیوں کا معائنہ کیا، اس دوران غیر ضروری دھواں خارج کرنے والی اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد محسن نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیوں کی بروقت ٹیوننگ اور مرمت کو یقینی بنائیں تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جاسکے اور ماحول کو سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ ماحول کو آلودہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

محمد محسن نے کہا کہ مضر صحت سموگ کی روک تھام کے لیے حکومتی ہدایات پر ہر صورت عمل درآمد کروایا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر انہیں بند بھی کردیا جائے گا۔

انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنی گاڑیوں کو فنی طور پر درست حالت میں رکھیں تاکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے باعث شہریوں کو فضائی آلودگی اور صحت کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے