اسلام آباسد: حکومت نے پیٹرول پر 100 فی لیٹر سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ بتادیا

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) حکومت نے عوام کو پیٹرول کی قیمتوں میں بڑا ریلیف فراہم کرنے کے لیے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی حاصل کرنے کا مکمل طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت عام شہریوں، بائیک سواروں اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو براہ راست مالی فائد پہنچایا جائے گا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزرا عطا تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم سے موٹر سائیکل، رکشہ (2 ویلر، 3 ویلر) اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 2 اور 3 ویلر گاڑیوں کو 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو 30 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔

وزیر آئی ٹی نے پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں رجسٹریشن ضروری ہوگی، جس کے لیے صارف کو اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ شدہ سم سے ایک پیغام 9771 پر بھیجنا ہوگا۔ اس پیغام میں REG، اپنا شناختی کارڈ نمبر، صوبے کا پہلا حرف (مثلاً سندھ کے لیے S) اور گاڑی یا بائیک کی رجسٹریشن کی تاریخ تحریر کرنا ہوگی۔

رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں صارف جب پیٹرول پمپ پر پیٹرول بنوانے جائے گا تو اسے 9771 پر TOK لکھ کر بھیجنا ہوگا۔ اس کے جواب میں موصول ہونے والا ٹوکن پیٹرول پمپ کے نمائندے کو دکھا کر 100 روپے فی لیٹر کی سبسڈی حاصل کی جا سکے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران شزا فاطمہ نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر یا کوئی بھی ذاتی ڈیٹا کسی غیر متعلقہ فرد سے شیئر نہ کریں۔ حکومت اس اسکیم کے عوض نہ تو شہریوں سے کوئی ذاتی معلومات مانگے گی اور نہ ہی کسی قسم کے چارجز وصول کرے گی۔ اگر اس سسٹم میں کوئی خامی یا غلطی سامنے آئی تو اسے فوری طور پر درست کیا جائے گا۔

حکومتی اعلان کے مطابق اسلام آباد کے شہری 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے اس ریلیف سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ جبکہ ملک بھر کے دیگر علاقوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے سبسڈی حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے