اوکاڑہ: اہم شاہراہوں اور چوکوں پر سٹریٹ لائٹس بحال کرنے کا مشن شروع

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر ضلع بھر میں سٹریٹ لائٹس کی نئی تنصیب اور غیر فعال لائٹس کی بحالی کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام تحصیلوں میں خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں جو اہم شاہراہوں، چوکوں اور دیگر عوامی گزرگاہوں پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور مرمت کا کام انجام دے رہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام تحصیل ایڈمنسٹریٹرز کی نگرانی میں فیلڈ ٹیمیں کام کر رہی ہیں، جبکہ تحصیل ایڈمنسٹریٹرز کو خود بھی فیلڈ میں موجود رہ کر کام کی رفتار اور معیار کی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع کے تمام اہم روڈز، چوکوں اور عام گزرگاہوں پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور بحالی کا کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور رات کے اوقات میں محفوظ آمدورفت کی سہولت میسر آ سکے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور نئی تنصیب کے کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ متعلقہ ٹیمیں اس وقت تک فیلڈ میں متحرک رہیں گی جب تک ضلع کے تمام اہم علاقوں میں غیر فعال سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور ضروری مقامات پر نئی لائٹس کی تنصیب کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عوامی سہولت میں اضافہ اور شہری علاقوں کو مزید بہتر اور خوبصورت بنانا ہے۔ اس سلسلے میں فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دن رات کام کرتے ہوئے سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور بحالی کا عمل بلا تاخیر مکمل کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے