اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر ایم سی ہائی سکول اوکاڑہ میں ایک پروقار تقریب اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں محکمہ تعلیم اور محکمہ لٹریسی کے افسران، اساتذہ اور دیگر متعلقہ شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد تعلیم اور خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا، معاشرے میں ناخواندگی کے خاتمے کے لیے شعور بیدار کرنا اور ہر فرد تک تعلیم کی رسائی کے عزم کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع پر شرکاء نے آگاہی واک میں بھی حصہ لیا اور تعلیم کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کیا۔
ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی محمد اسلم نے تقریب کے شرکاء کو محکمہ لٹریسی کی کارکردگی اور مختلف تعلیمی منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ شرح خواندگی میں اضافے اور ناخواندگی کے خاتمے کے لیے نچلی سطح پر مسلسل متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر رسمی تعلیم کے فروغ اور تعلیم سے محروم افراد کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے محکمہ لٹریسی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے سے ناخواندگی کا خاتمہ صرف سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لیے ہر شہری کو اپنا قومی اور سماجی فرض ادا کرنا ہوگا۔ تعلیم ہی وہ بنیادی ذریعہ ہے جس کے ذریعے افراد اور قوموں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
تقریب کے دوران لٹریسی سکولوں کے بچوں میں مفت کتابیں اور بیگز بھی تقسیم کیے گئے تاکہ بچوں میں تعلیم کے حصول کا شوق پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں مدد دی جا سکے۔
سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پڑھے لکھے اور باشعور ممالک ہی دنیا میں ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں تعلیم کا فروغ اور ہر بچے و شہری تک معیاری تعلیم کی رسائی کو یقینی بنانا شامل ہے، جس کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
محمد یوسف کاہلوں نے کہا کہ شرح خواندگی میں اضافہ محض ایک ہدف نہیں بلکہ ایک روشن، باشعور اور ترقی یافتہ مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے کے ہر فرد کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے اور تعلیم کی روشنی ہر گھر تک پہنچانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔