ڈیرہ غازی خان ( کیو این این ورلڈ) تھانہ دراہمہ کے علاقے میں 25 سے 26 سالہ گونگی و بہری لڑکی سے مبینہ زیادتی اور اس کے حاملہ ہونے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر پولیس نے متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق چاہ ڈھورے والا بستی ڈھول کی رہائشی نذیر مائی زوجہ غلام عباس نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ ان کی بیٹی شیلا بی بی، جو بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم ہے، کے پیٹ میں تکلیف ہوئی جس پر وہ اسے چیک اپ کے لیے آر ایچ سی سرور والی لے جانے کی تیاری کر رہی تھی۔ اس دوران متاثرہ لڑکی نے اشاروں کی زبان میں بتایا کہ تقریباً 6 ماہ قبل وہ اپنی نانی کے گھر اکیلی جا رہی تھی کہ راستے میں سعید احمد جڑھ کے کماد کے کھیت میں چھپے ملزم محمد خلیل ولد محمد رفیق ساکن بستی ڈھول نے اسے اکیلا پا کر زبردستی فصل میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ لڑکی اور اس کی والدہ کا بیان قلمبند کیا اور لڑکی کو طبی معائنے و میڈیکل لیگل سرٹیفکیٹ (MLC) کے حصول کے لیے آر ایچ سی سرور والی روانہ کیا۔ پولیس نے ابتدائی بیان اور شواہد کی روشنی میں ملزم محمد خلیل کے خلاف مقدمہ نمبر 661/26 زیر دفعہ 376iii درج کر کے تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ لاہور میں رہائش پذیر ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کارروائی جاری ہے۔
