رینالہ خورد (سٹی رپورٹر): رینالہ خورد کے نواحی علاقے میں تیز رفتار لیسکو وین اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ گاؤں 12 ون ایل کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار لیسکو وین موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 55 سالہ جمشید ولد محمد یعقوب اور 50 سالہ ندیم ولد محمد مردان کے نام سے ہوئی۔ ریسکیو 1122 اہلکاروں نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں میتیں لواحقین کے حوالے کردیں۔