ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف احسان اللہ ایاز): ننکانہ صاحب میں تعینات ہونے والے نئے سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی شفقت محمود نے گورنمنٹ گورونانک ہائیر سیکنڈری سکول کا اچانک دورہ کیا اور طلباء و اساتذہ کے لیے دستیاب تعلیمی سہولیات، تدریسی سرگرمیوں، حاضری اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔
سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی شفقت محمود نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری شکیل احمد رضوی اور سکول پرنسپل عبدالسلام طیب کے ہمراہ مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا۔ انہوں نے طلباء سے مختلف سوالات کیے اور انہیں دل لگا کر تعلیم حاصل کرنے اور اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر سی ای او نے اساتذہ اور طلباء کی حاضری چیک کرنے کے علاوہ سکول میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے سکول میں قائم بابا گورونانک میوزیم کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے سکول سے متعلق تاریخی دستاویزات اور مختلف اشیاء دیکھیں اور میوزیم کے قیام کو سراہا۔
گفتگو کرتے ہوئے سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی شفقت محمود نے کہا کہ ضلع میں نظام تعلیم اور معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنانا ہمارا مشن ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ افراد کو اپنی ذمہ داری احسن انداز میں ادا کرنا ہوگی۔