اوچ شریف: سرکاری ریسٹ ہاؤس کی زبوں حالی، ٹوٹے دروازے اور گندگی نے بھوت بنگلے کا منظر پیش کر دیا

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان): تاریخی شہر اوچ شریف میں افسران اور سرکاری شخصیات کی قیام گاہ کے طور پر استعمال ہونے والا ریسٹ ہاؤس عدم توجہی اور ناقص دیکھ بھال کے باعث خستہ حالی کا شکار ہوگیا ہے، جہاں ٹوٹے دروازے، بوسیدہ لکڑی، گندگی اور ناقص صفائی کے انتظامات سرکاری عمارتوں کی دیکھ بھال کے نظام پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

ماضی میں اپنی خوبصورتی، مناسب دیکھ بھال اور پُرسکون ماحول کے باعث نمایاں حیثیت رکھنے والا اوچ شریف ریسٹ ہاؤس اب اپنی سابقہ رونق کھو چکا ہے۔ عمارت کے بعض دروازے انتہائی بوسیدہ اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جنہیں لکڑی کے تختوں اور عارضی مرمت کے ذریعے قابلِ استعمال رکھنے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ عمارت کے مختلف حصوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات بھی واضح طور پر نظر آتے ہیں۔

ریسٹ ہاؤس کے بعض مقامات پر کچرا، پلاسٹک کی تھیلیاں اور دیگر گندگی موجود ہے، جس سے عمارت کی دیکھ بھال اور صفائی کے انتظامات پر سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اوچ شریف تاریخی اہمیت کا حامل شہر ہے اور یہاں موجود سرکاری عمارات شہر کی مجموعی شناخت کا حصہ ہیں، اس لیے ان کی مناسب دیکھ بھال متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔

مقامی شہریوں کے مطابق ماضی میں ریسٹ ہاؤس میں افسران اور سرکاری شخصیات قیام کیا کرتی تھیں اور عمارت کی باقاعدگی سے دیکھ بھال بھی کی جاتی تھی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس کی حالت مسلسل خراب ہوتی گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری عمارتوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے متعلقہ محکموں کے پاس بجٹ اور وسائل موجود ہونے کے باوجود ریسٹ ہاؤس کی موجودہ صورتحال تشویش ناک ہے۔

شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوچ شریف ریسٹ ہاؤس کا فوری طور پر مکمل معائنہ کرایا جائے اور عمارت کے ٹوٹے دروازوں و کھڑکیوں کی مرمت، ضروری تعمیر و بحالی، رنگ و روغن اور صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ محکمے محض کاغذی کارروائی تک محدود رہنے کے بجائے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیں اور تاریخی شہر کے اس سرکاری اثاثے کو ماضی کی طرح قابلِ استعمال، خوبصورت اور باوقار حالت میں بحال کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے