عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح، حلقے کا نقشہ بدلنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے: عامر علی شاہ

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان): پاکستان پیپلز پارٹی بہاولپور ڈویژن کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی مخدوم سید عامر علی شاہ نے کہا ہے کہ حلقے کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے، عوامی مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل اور علاقے کی تعمیر و ترقی ان کی اولین ترجیح ہے۔ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرا کے تعمیر و ترقی کا نیا باب رقم کیا جائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اوچ شریف کے سینئر صحافی حبیب اللہ خان اور نصراللہ خان کے چھوٹے بھائی ضیاء اللہ خان کی دعوتِ ولیمہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں معززین اور عمائدینِ علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مخدوم سید عامر علی شاہ نے کہا کہ عوامی نمائندگی اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ وہ حلقے کے عوام کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور دیرینہ مسائل کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد محض اعلانات کرنا نہیں بلکہ ان کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانا ہے۔ حلقے کے مختلف علاقوں میں سڑکوں، سیوریج، صاف پانی، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کے حل کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا اور حلقے کے ہر علاقے کو ترقی کے ثمرات سے مستفید کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ عوام کی توقعات پر پورا اترنا ان کی اولین ذمہ داری ہے اور وہ اس ذمہ داری کو خلوصِ نیت سے نبھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

دعوتِ ولیمہ کی تقریب میں عمران حیدر سیال، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و فوکل پرسن ڈینگی، انسپکٹر، الحاج حاجی محمد اسلم کراچی، پروفیسر مولانا محمد مکی، مہر غلام ربانی کاٹھیہ، امیدوار ایم پی اے مولانا ذوالفقار علی قادری، مولانا سیف الرحمن راشدی، امیدوار ایم این اے میاں محمد عامر صدیقی، صدر پریس کلب اوچ شریف خواجہ غلام شبیر، چیئرمین پریس کلب محمد اکمل نمبردار، ارشاد احمد شاد سمیت سیاسی، سماجی، مذہبی و صحافتی شخصیات اور معززین و عمائدینِ علاقہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے سینئر صحافی حبیب اللہ خان کے چھوٹے بھائی ضیاء اللہ خان کو شادی کی مبارکباد پیش کی اور نوبیاہتا جوڑے کے لیے نیک تمناؤں اور خوشگوار ازدواجی زندگی کی دعا کی۔ تقریب خوشگوار اور پرتکلف ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں معززینِ علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافیوں نے میزبان خاندان سے ملاقات کی۔ آخر میں میزبان خاندان کی جانب سے تمام معزز مہمانوں کی آمد اور دعاؤں پر شکریہ ادا کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے