دادو: چانڈیو برادری کے دو گروپوں میں فائرنگ، 8 افراد جان سے گئے

دادو (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری): دادو کے کچے کے علاقے گوٹھ دانو چانڈیو میں زمین کے تنازع پر چانڈیو برادری کے دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان زمین اور راستے کے معاملے پر پہلے سے تنازع چلا آرہا تھا، جو دوبارہ شدت اختیار کرنے کے بعد مسلح تصادم میں تبدیل ہوگیا۔ دونوں جانب سے ہونے والی شدید فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں بچل چانڈیو، حاجن چانڈیو، سلطان، منظور، سونو اور ذوالفقار چانڈیو سمیت 8 افراد شامل ہیں۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر خاتون سمیت 3 افراد بھی زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرنے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گوٹھ دانو چانڈیو میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے