اوکاڑہ: کمشنر ساہیوال کی عوامی شکایات مقررہ مدت میں حل کرنے کی ہدایت

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر): کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی زیرصدارت دیپالپور کھلی کچہری میں موصول ہونے والی عوامی درخواستوں پر کارروائی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے کھلی کچہری کے سائلین کی درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی مجموعی طور پر 120 درخواستوں میں سے 99 پر عملدرآمد مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ 21 درخواستوں پر اقدامات جاری ہیں۔ اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش ہونے والے تمام سائلین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مقررہ مدت کے اندر عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی بنیادی ذمہ داری عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، اس لیے شہریوں کی درخواستوں پر جامع اور مؤثر کارروائی ہونی چاہیے۔ صرف کاغذی کارروائی کافی نہیں بلکہ درخواست گزاروں کو عملی طور پر ریلیف ملنا چاہیے۔

کمشنر ساہیوال نے مزید ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کے حل کے لیے درخواستوں پر ہونے والی کارروائی کا باقاعدگی سے فالو اَپ کیا جائے تاکہ کسی بھی سائل کی درخواست غیر ضروری تاخیر کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غفلت یا تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام متعلقہ افسران شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے