تونسہ بائی پاس پر ٹریلر اور ڈالے میں تصادم، 2 جاں بحق، 7 زخمی

ڈیرہ غازی خان(کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹرجواد اکبر) تونسہ بائی پاس پٹرول پمپ کے قریب ٹریلر اور شاہ زور ڈالے کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان کے کنٹرول روم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قریبی 4 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل کو جائے حادثہ کی طرف روانہ کیا، ریسکیو ٹیم نے 6 منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب شاہ زور ڈالے کا ایک ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور مخالف سمت سے آنے والے 22 ویلر ٹریلر سے جا ٹکرایا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ ڈالے میں سوار 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 30 سالہ راشد ولد خادم، 50 سالہ فاروق ولد عیسیٰ، 25 سالہ شاکر ولد امان اللہ، 36 سالہ ارشد ولد صادق، 55 سالہ صادق ولد حاصل، 34 سالہ طالب ولد خادم اور 40 سالہ نصراللہ ولد خادم شامل ہیں۔ زخمیوں میں بعض افراد کے سر، پیٹ اور ٹانگوں پر شدید چوٹیں آئیں جبکہ دو افراد کی ٹانگیں فریکچر اور ایک زخمی کی دائیں ٹانگ فریکچر ہوئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 35 سالہ عنصر عباس ولد عاشق حسین اور 32 سالہ ابراہیم ولد طالب کے نام سے ہوئی، جن کی لاشیں آبائی علاقے بستی سہرانی، پل شوریہ جامپور روڈ منتقل کردی گئیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے بعد ٹریلر کا عملہ موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ پنجاب پولیس کے اہلکار بھی جائے حادثہ پر موجود رہے۔ حادثے کے باعث سڑک کا ایک حصہ متاثر ہوا تاہم ٹریفک دوسرے حصے سے جاری رہی۔ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے سڑک کو کلیئر کرنے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے کارروائی جاری رہی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے