موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ B3 کردی، شہباز شریف کی معاشی ٹیم کو مبارکباد

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کردی، جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے۔

موڈیز کے مطابق پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی اہم وجوہات میں گورننس میں بہتری، زرمبادلہ کے ذخائر کا مضبوط ہونا، مقامی قرض لینے کی لاگت میں کمی اور ملک میں مسلسل میکرواکنامک استحکام شامل ہیں۔ ریٹنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ان شعبوں میں بہتری سے پاکستان کی بیرونی پوزیشن مزید مستحکم ہونے اور مالیاتی اشاریوں میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

موڈیز نے گزشتہ تقریباً 12 ماہ کے دوران پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں دو درجے بہتری کی ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی صورتحال میں آنے والی بہتری کے اعتراف کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور تمام متعلقہ وزراء و حکام کو بھی اس کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا واضح مظہر ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اس کا واضح ثبوت ہے۔ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے حکومت کی مسلسل محنت اور اصلاحات کے نتیجے میں عالمی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ حکومت ملک کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل مزید تیز کرے گی۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کی منزل پاکستان کو ایک مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے اور معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے