پشین: سلیمان زئی میں تعمیراتی مزدوروں پر دہشت گردوں کی فائرنگ، 5 جاں بحق

پشین (کیو این این ورلڈ): بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے سرانان، سلیمان زئی میں ڈبل روڈ کی تعمیر میں مصروف مزدوروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 5 مزدور جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ذرائع کے مطابق مزدور سلیمان زئی میں ڈبل روڈ کی تعمیر کے کام میں مصروف تھے کہ مسلح افراد نے اچانک انہیں اور تعمیراتی مشینری کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 5 مزدور جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے سمیت حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے میں دہشت گرد عناصر کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنۃ الخوارج گزشتہ ایک ماہ کے دوران سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں مسلسل ناکامی کا سامنا کر رہی ہے، جبکہ مختلف آپریشنز کے دوران 50 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں کامیابی حاصل نہ ہونے کے بعد دہشت گرد عناصر نے نہتے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نوشکی میں بھی دو شہریوں کو قتل کیا گیا، جبکہ آج 24 اگست کو پشین میں مزدوروں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں سے بعض کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسے واقعات دہشت گرد عناصر کی بزدلانہ کارروائیوں اور انسانیت سے عاری ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ سکیورٹی اداروں کی جانب سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے