نصرت فتح علی خان پاکستان کی پہچان اور فنِ قوالی کا عالمی استعارہ ہیں: مقررین

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) پنجاب میوزک اکیڈمی اور سٹی میگ سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور خداداد صلاحیتوں کے مالک استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پروقار اور روح پرور تقریب ’’صدائے نصرت فتح علی خان‘‘ کا انعقاد آرٹ اینڈ کلچر سینٹر، کشمیر روڈ سیالکوٹ میں کیا گیا، جس میں شہر کی معروف سماجی، ادبی، کاروباری اور ثقافتی شخصیات سمیت موسیقی سے وابستہ فنکاروں نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت اور میزبانی کے فرائض سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی ٹورزم، کلچر اینڈ آرکیالوجی کمیٹی اور سیالکوٹ آرٹ اینڈ کلچر سینٹر کے چیئرمین خالد لطیف نے انجام دیے، جبکہ تقریب کی باقاعدہ نظامت اور میزبانی معروف گلوکار اور مصنف عمران ابنِ رفاقت نے احسن انداز میں نبھائی۔

اس تاریخی اور سحر انگیز شام میں شہر کی ممتاز شخصیات نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی، جن میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پریزیڈنٹ سید احتشام مظہر گیلانی، اعجاز الحق، اسپائر گروپ آف کالجز غوثیہ کیمپس سیالکوٹ کے وائس پرنسپل اشفاق نیاز، حامیِ فن و ثقافت رفیع بٹ، معروف مصنف خرم اور معروف سینئر صحافی سلیم سلیمی شامل تھے۔

تقریب کے دوران شہرِ اقبال کے نامور اور عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے استاد نصرت فتح علی خان کے کلام اور قوالیوں کو اپنے مخصوص انداز میں پیش کیا اور حاضرین کو محظوظ کیا۔ اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں میں انٹرنیشنل سنگر احمد حسن، ابھرتے ہوئے معروف گلوکار عمران ابنِ رفاقت، معروف گائیک سکندر علی نور، گلوکار ذوالفقار رفیع اور معروف طبلہ نواز استاد عقیل خان شامل تھے۔

خصوصاً انٹرنیشنل سنگر احمد حسن اور عمران ابنِ رفاقت نے اپنی مدھر اور سحر انگیز گائیکی سے ایسا خوبصورت اور روحانی سماں باندھا کہ پورا ہال دیر تک تالیوں کی گونج سے گونجتا رہا۔ حاضرینِ محفل نے فنکاروں کی شاندار پرفارمنس کو دل کھول کر سراہا اور بھرپور داد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پریزیڈنٹ سید احتشام مظہر گیلانی، سیالکوٹ آرٹ اینڈ کلچر سینٹر کے چیئرمین خالد لطیف اور اسپائر گروپ آف کالجز کے وائس پرنسپل اشفاق نیاز نے استاد نصرت فتح علی خان کی فنِ موسیقی اور قوالی کے فروغ کے لیے انجام دی جانے والی بے مثال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مقررین نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان نے اپنی غیر معمولی آواز، منفرد اندازِ گائیکی اور فنِ قوالی کے ذریعے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔ ان کی آواز اور فن دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نصرت فتح علی خان نے قوالی اور مشرقی موسیقی کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں جو کردار ادا کیا، وہ اپنی مثال آپ ہے، جبکہ ان کی چھوڑی ہوئی عظیم فنکارانہ میراث آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ رہے گی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ایسے ثقافتی اور موسیقی کے پروگرام نہ صرف عظیم فنکاروں کی خدمات کو یاد رکھنے کا ذریعہ ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنے قومی، ادبی اور ثقافتی ورثے سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ استاد نصرت فتح علی خان جیسے عظیم فنکار پاکستان کا قیمتی ثقافتی اثاثہ ہیں اور ان کے فن کو زندہ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

تقریب کے دوران فنکاروں کی جانب سے پیش کیے جانے والے کلام اور قوالیوں نے محفل میں روحانی اور موسیقائی کیفیت پیدا کیے رکھی، جبکہ حاضرین نے فنکاروں کی پرفارمنس کو بھرپور انداز میں سراہا۔

تقریب کے اختتام پر پنجاب میوزک اکیڈمی اور سٹی میگ سیالکوٹ کی جانب سے تمام مہمانوں، فنکاروں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا اور استاد نصرت فتح علی خان کی عظیم فنی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فن و ثقافت کے فروغ کے لیے ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے