رحیم یار خان: جعلی و غیر معیاری ادویات فروشی پر میڈیکل اسٹور مالک کو بھاری سزا

اوچ شریف(کیو این این ورلڈ/نامہ نگارحبیب خان) ڈرگ کورٹ بہاولپور ڈویژن نے جعلی، غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری ادویات کی فروخت کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے حق میڈیکل اسٹور اینڈ کلینک رکن پور، تحصیل و ضلع رحیم یار خان کے پروپرائٹر عبد الحق کو مجموعی طور پر سخت سزائیں اور بھاری جرمانے عائد کر دیے۔

تین رکنی ڈرگ کورٹ بینچ نے مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ بینچ میں چیئرپرسن ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شازب سعید، ممبر راؤ انجم جمیل اور ممبر ڈاکٹر عارف غوری شامل تھے۔ پراسیکیوشن کی جانب سے اے ڈی پی پی ذیشان احمد حجہ اور ڈی پی او مصباح محی الدین نے مقدمے کی پیروی کی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ڈرگز ایکٹ 1976 کی دفعہ 27(1) کے تحت ملزم عبد الحق کو 3 سال قیدِ با مشقت اور 3 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید 3 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

اسی مقدمے میں دفعہ 27(4) ڈرگز ایکٹ 1976 کے تحت بھی ملزم کو 1 سال قیدِ با مشقت اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 3 ماہ قید کی سزا ہوگی۔

عدالت نے قرار دیا کہ دونوں سزائیں بیک وقت، یعنی Concurrently چلیں گی۔ فیصلے میں سپریم کورٹ کے متعلقہ اہم عدالتی فیصلے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

ڈرگ کورٹ کے فیصلے کو جعلی، غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے لیے سخت قانونی تنبیہ قرار دیا جا رہا ہے۔ شہری حلقوں نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جانا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے